آج سے چند سال پہلے تک فوٹوگرافی کو مردوں کا شعبہ سمجھا جاتا تھا۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ سوچ اور رجحان تبدیل ہوا ۔ اور اب زندگی کے کئی دوسرے شعبوں کی طرح فوٹوگرافی کے میدان میں بھی خواتین اپنی مہارتوں کا لوہا منوارہی ہیں۔ اور اب وہ مختلف نشریاتی اور دوسرے اداروں میں پروفیشنل فوٹوگرافر کی حیثیت سے کام کرتی نظر آتی ہیں۔ ایک ایسی ہی پاکستانی نژاد امریکی خاتون نورین بخاری ہیں جن کاشمار ایک کامیاب پروفیشنل فوٹوگرافر کے طورپر ہوتا ہے۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی نورین بخاری کے شب و روز ایک عام گھریلو خاتون کی طرح گھر داری ، بچوں کو وقت دینے اور روزمرہ کے کام کاج نمٹاتے گزرتے ہیں۔ لیکن وہ 2005ء سے ایک آن لائن میگزین کے لئے فوٹو گرافی بھی کر رہی ہیں ۔
نورین بخاری کا کہناہے کہ ایک کمیونٹی میگزین کو مختلف تقریبات کی کوریج اور انٹرویوز کے لیے ایک فوٹوگرافر کی ضرورت تھی۔ اس کے لیے ایک اچھا DSLR کیمرہ درکارتھا۔ جب کیمرہ لیا تو فوٹو گرافی کا شوق مزید بڑھا۔ پھر کیمرے اور فوٹوگرافی کے اسرار ورموز کو سمجھنا شروع کیا۔ اور آہستہ آہستہ یہ ہنر آتا گیا۔
نورین کا کہنا ہے کہ کم وسائل کے باوجودخواتین اپنا کاروبار شروع کرکے اپنا روزگار کما سکتی ہیں۔ ان کے گھر کی بیسمنٹ میں قائم سٹوڈیو اس کی ایک مثال ہے۔
فوٹوگرافی آسان کام نہیں ۔ تصویروں کی پرنٹننگ سے لے کر البم کی ترتیب تک ہر مرحلہ صبرآزما اور وقت طلب ہوتاہے۔ نورین کا کہنا ہے کہ امریکہ میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خواتین ہر شعبے میں آگے آئی ہیں اور اس ترقی میں جدید ٹیکنالوجی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔وہ فوٹو گرافی کے شعبے میں اپنی مہارت کو انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کا مرہون منت قرار دیتی ہیں ۔ تاہم ان کا کہناہے کہ جدید اور بدلتے رجحانات کے باعث اب یہ کام مشکل اور مہنگا ہوتا جا رہے ہے ۔
نورین کہتی ہیں کہ امریکہ میں بسنے والے پاکستانیوں کے لیے اپنے ملک کا تشخص بہتر انداز میں اجاگر کرنا اور کمیونٹی کو آپس میں جوڑے رکھنا ایک فرض کی مانند ہے۔ اسی خیال کو بنیاد بنا کر آج سے چند سال قبل انہوں نے فوٹوگرافی کے ساتھ ساتھ اپنی ویب سائیٹ کا بھی آغاز کیا۔
ان کا کہناہے کہ میں ایک ویب سائیٹ بھی چلاتی ہوں the Saturday post کے نام سے۔اس کا بنیادی مقصد کمیونٹی کا فروغ ہے۔ اسکے علاوہ پاکستانی، پاکستانیوں کے کارنامے۔ پاکستانی کہیں بھی ہوں۔ اور کمیونٹی کے لیے اگر کچھ کررہے ہوتو یہ ویب سائٹ انہیں ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس ویب سائٹ پر ہر ماہ تقریبا 30 سے پ50 ہزار کے قریب ہٹس ہیں۔
ویب سائیٹ کے ذریعے پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی خواہش ہو یا کہ فوٹوگرافی کے ذریعے اپنے فن کی عکاسی و پذیرائی کی تمنا ، نورین کے لیے یہ تمام سرگرمیاں وطن سے دور وطن سے جڑے رہنے کا ایک بہانہ ہونے کے ساتھ ساتھ روزگار کمانے کا ذریعہ بھی ہیں
This story was originally posted on VOA Urdu.